مواد پر جائیں

باب ۱۰ از ۶۵صفحات ۷۶–۷۹

مذہبی وسماجی رہنما

شیخ ابو بکر احمد گرانڈ مفتی آف انڈیا

مفتی آفاق احمد مجددی کی رحلت کی خبر سے پورے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ گرانڈ مفتی شیخ ابو بکر احمد نے آفاقی شہرتوں کے مالک حضرت مفتی آفاق احمد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔شیخ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مفتی آفاق احمد مجددی قاضی شہر قنوج دین متین کے سچے علمبردار تھے ۔ اپنی پوری زندگی ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبود میں صرف کر دی موصوف مذہبی سماجی رہنما تھے۔آپ نے مختلف دینی و عصری اداروں کی بنیاد ڈالی ،اور غریب و مسکینوں کی امدادمیں پیش پیش رہتے تھے۔

آپ کے انتقال سے علمی و سماجی حلقوں میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے ۔جو ملت اسلامیہ کے لئے عظیم خسارہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماند گان کو صبر جمیل عطا کرے ۔آمین یا رب العالمین انا للہ وانا الیہ راجعون

ہمارے بہت ہی اچھے بزرگ تھے

مولانا الیاس قادری

امیر دعوت اسلامی پاکستان

حضرت مولانا احمد سعید مجددی صاحب مدرس الجامعۃ الاحمدیہ و حضرت مولانا برکات احمد مجددی صاحب مدرس الجامعۃ الاحمدیہ قنوج کی خدمتوں میں

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ،

آپ کے والد محترم، مبلغ دعوت اسلامی، ہمارے کرم فرما، پیر طریقت حضرت علامہ مولانا مفتی آفاق احمد مجددی نقشبندی کے بارے میں یہ اطلاع ملی کہ ۹؍ ذیقعدۃ الحرام ۱۴۴۰ ہجری کو قنوج اتر پردیش میں وصال فرماگئے ، یارب المصطفیٰ جل جلالہ وصلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہٖ وسلم حضرت مولانا مرحوم مفتی آفاق احمد مجددی نقشبندی صاحب کو غریق رحمت فرما، یا اللہ انکی بے حساب مغفرت فرما،یا اللہ انکی قبر پر انوار وتجلیات کی برسات فرما، الٰہ العالمین ان کی قبر تا حد نگاہ وسیع ہوجائے ، یا اللہ انکی قبر جہاں تک نظر پہنچے وسیع ہوجائے، بہت بڑی ہوجائے چوڑی ہو جائے،نور مصطفیٰ ﷺ کے صدقے نور سے بھر جائے، یا اللہ انہیں بے حساب مغفرت سے مشرف فرماکر جنت الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہٖ وسلم کا پڑوس نصیب فرما، یااللہ انکے سوگواروں کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل مرحمت فرما مولیٰ کریم میرے پاس جو بھی ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں انہیں قبول فرما ، اپنے کرم کے شایان شان ان کا اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جناب رسالت مآب صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہٖ وسلم کو عطا فرما بوسیلہ رحمۃ للعا لمین صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہٖ وسلم حضرت قبلہ آفاق احمد مجددی نقشبندی صاحب سمیت

ساری امت کو عنایت فرماآمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہٖ وسلم۔

میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں صلوا علی الحبیب صلی اللہ تعالیٰ علیٰ محمد ، ہمارے بہت ہی اچھے بزرگ تھے، میں نے انکی زیارت بھی کی ہے اور ہمارا ساتھ بھی دیتے تھے دعوت اسلامی کے مدنی کام میں ،انکی وساطت سے ہم ایک بار قنوج بھی گئے تھے رات میں اترے تھے وہاں صلوا علی الحبیب صلی اللہ تعالیٰ علیٰ محمد۔

اہل سنت کی رگوں میں نیا خون فرا ہم کیا ہے

پیر سیدغلام حسین شاہ جیلانی نقشبندی

سربراہ اعلی وبانی جامعہ صدیقیہ سوجا شریف ضلع باڑمیر راجستھان انڈیا

محترم المقام صاحبزادگان و منسلکین حضرت علا مہ مفتی آفاق احمد وجملہ ارا کین جامعہ احمدیہ قنوج

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکا تہ

بعدہ ۔حضرت علا مہ الحاج بحر العرفان مفتی آفاق احمد مجددی نقشبندی کا اچا نک حا دثۂ ارتحال یقیناً قابل صد افسوس ہے ایسے مخلص اور سچے دین کے خدام کی آج کے دور میں اہل سنت کو اشد ضرورت ہے انھوں نے اپنی لگن اور اخلاص کی بدولت مختصر عرصہ میں دین کا بہت بڑا کام کیا ،جامعہ احمدیہ قائم فر ماکر نہ صرف یہاں بلکہ پورے ہندوستان و بیرون ہند اہل سنت کی رگوں میں نیا خون فرا ہم کیا ہے ،یہ ان کا زندہ جاوید گلشن ان کو ہمیشہ زندہ رکھے گا کیو نکہ ,,من صار بالعلم حیاً لم یمت ابداً ،، جامعہ صدیقیہ سو جا شریف اور اس کی تحریک صدیقی سے ان کو جو خصوصی تعلق تھا وہ آپ حضرات سے مخفی نہیں جس سال تشریف لائے پھر تا زندگی اس آمد و رفت کو قضا نہ ہو نے دیا اپنے مفید مشوروں سے نوا زتے رہے ،انھیں واقعی سنیت کا دردتھا شب و روز اسی فکر میں رہا کرتے تھے کچھ کر گزرنے کی دھن ہمہ وقت ذہن پہ سوار رہا کرتی تھی ۔وہ الجامعۃ الاحمدیہ کو ازہر ثا نی بنا نا چا ہتے تھے مگر زندگی نے وفا نہ کی ۔مولیٰ تعا لیٰ پس ماندگان، مریدان باوفا و ارا کین کو صبر جمیل کے ساتھ نعم البدل عطا کرے اور مفتی صاحب مرحوم کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو ۔

ہم اہل ادارہ و مدرسین و اراکین وطلبہ بلکہ سیکڑوں صدیقی شاخوں ان کے منتظمین و اساتذہ و طلبہ آپ حضرات کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں مولیٰ تعا لیٰ ان کی خد مات کو قبول فر ما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فر ما ئے ہمیں ان کے مشن کو زندہ رکھنے اور سنیت کی مخلصا نہ خد مت کی نیک تو فیق عطا فر ما ئے۔ آمین بجاہ حبیبہ الکریم علیہ التحیۃ والتسلیم ۔

وہ ایک مخلص عالم و مفتی تھے

مولاناسید محمد اختر چشتی مصباحی

سجادہ نشین خانقاہ عالیہ صمدیہ مصباحیہ دارالخیر پھپھوند شریف اوریا

عزیز گرامی مولانا احمد سعید سلمہ المولیٰ تبارک و تعالیٰ،

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ مع ادعیہ وافرہ!

میں سفر سے آستانہ عالیہ صمدیہ مصباحیہ پھپھوند شریف واپس ہوا تو یہ خبر موصول ہوئی کہ محب گرامی حضرت مولانا آفاق صاحب غفراللہ لہ وبرد اللہ مضجعہ دار دنیا سے کوچ کرکے دار آخرت کی جانب رحلت فرما گئے ،انا للہ وانا الیہ راجعون ،یہ خبر سن کر بہت افسوس ہوا ۔

مگر مالک وحدہ لاشریک کا ارشاد گرامی ،کل نفس ذائقۃ الموت ،اپنی جگہ اٹل ہے اور اس منزل سے ہر ایک کو ہمکنار ہونا ہے ۔

وہ ایک مخلص عالم و مفتی تھے ،ان کی ذات سے اس علاقہ میں اہم دینی خدمات انجام پا رہی تھیں ۔ان کے تشریف لے جانے سے اس علاقہ میں ایسا خلاء ہوا کہ جس کی تلافی بظاہر مشکل ہے ۔

جملہ افراد خانوادئہ عالیہ صمدیہ مصباحیہ آپ کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ رب صمد و احد مفتی صاحب کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ،درجات بلند فرمائے ،اور تمام وارثین و محبین کو صبر و اجر کی دولت سے نوازے ،اور ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو پایہ تکمیل تک پہونچائے ۔ آمین بجاہ سید المرسلینﷺ۔